ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کشمیر: درجہ حرارت میں بہتری سے لوگوں کو راحت

کشمیر: درجہ حرارت میں بہتری سے لوگوں کو راحت

Tue, 09 Feb 2021 17:11:19    S.O. News Service

سری نگر،9؍فروری(ایس او نیوز؍یو این آئی) وادی کشمیر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج بہتری واقع ہونے سے لوگوں کو راحت نصیب ہو رہی ہے اور معمولات زندگی اپنی رفتار پکڑنے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں پیر کو 42 دنوں کے بعد دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 11.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے جس سے لوگوں کو راحت نصیب ہو رہی ہے۔ دریں اثنا متعلقہ محکمے کے پیش گوئی کے مطابق وادی میں 15 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ وادی میں منگل کے روز موسم خشک رہا اور دن میں دھوپ بھی چھائی رہی اور ہلکی دھوپ سے لوگوں کو دکانوں کے تھڑوں پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی معمولات زندگی اپنی رفتار پکڑنے لگے ہیں اور کارباروی سرگرمیاں بھی صبح کے وقت سویرے سے ہی شروع ہونے لگی ہیں، نیزلوگوں کے گھروں سے باہر نکلنے میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ محمکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا، جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔ قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہوا ہے۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں منفی 13.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


Share: